دہلی: مسلم کش فسادات میں جاں بحق کی تعداد 20 ہوگئی

688

بھارتی دارلحکومت نئی دہلی میں مسلم کش فسادات میں جاں بحق کی تعداد 20 ، 205 سے زائد زخمی جبکہ بیشتر کی حالت نازک ہے۔

بھارتی دارلحکومت نئی دہلی میں چوتھے روز بھی حالالت پر قابو نہ پایا جاسکا، انتہا پسند ہندوؤں نے اشوک نگر کی جامع مسجد کے مینار پر چڑھ کر توڑ پھوڑ کی، مینار سے لاؤڈ اسپیکر نیچے پھینک کر اپنے جھنڈے لہرا دیے۔

مسلم اکثریتی علاقوں میں خوف وہراس کی فضا برقرار ہے جبکہ نئی دہلی میں آج بھی تعلیمی ادارے بند ہیں۔

بی جے پی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے پولیس کے ساتھ مل کر مظاہرین پر تشدد کیا اور مسلمانوں کے مکانات، دکانیں،  گاڑیاں بھی نذر آتش کیں۔

بلوائیوں نے زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا جبکہ کئی پیٹرول پمپس کو آگ لگادی۔

دوسری جانب دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ پرتشدد واقعات میں پولیس کے 56 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی)رہنما کپل مشرا کے ہندوؤں کو اکسانے پر فسادات پھوٹے، بے جے پی کے شدت پسندوں نے متنازع قانون شہریت کے خلاف پر امن احتجاج کرنے والوں پر پیر کے روز دھاوا بولا اورمسلمانوں کی املاک نذر آتش کیں۔