نعمت اللہ خان کے انتقال پرپوری قوم سوگوارہے‘سراج الحق

554
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق‘ سید منور حسن‘ شہریار آفریدی‘ حسین محنتی‘ حافظ نعیم الرحمنِ‘ ناصر حسین شاہ ودیگر ندیم اقبال سے تعزیت اور دعائے مغفرت کررہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نعمت اللہ خان کے انتقال پر اہل کراچی ہی نہیں پوری قوم سوگوار ہے اورایک بہت بڑا خلا پیدا ہواہے ۔کراچی میں مرحوم کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نعمت اللہ خان نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان اور پوری امت کے خیر خواہ تھے ، ساری عمر انسانوں سے محبت اور ان کی خدمت کرنے میں گزاردی،72سال کی عمر میں کراچی شہر کے میئر بنے ، عالمی سطح پر خدمت اور دیانت کے ریکارڈ قائم کیے، ہر قسم کے امتیاز اوررنگ و نسل سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کی ، ساری جدوجہد صرف اور صرف اللہ کی رضا کے لیے کی۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ نعمت اللہ خان کی ذات شہریوںکے لیے ایک محور تھی ، خود شہری ان کی بے لوث خدمت کا اعتراف کرتے ہیں ، نعمت اللہ خان کا دور شہرکی ترقی اور امن کا دورتھا،ان کی رحلت پاکستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ، آخری لمحے تک ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور عوامی خدمت کے لیے کام کرتے رہے ، بیماری کے باوجود اندرون سندھ کے دورے کرتے رہے ، سخت گرمی میں عید کے دنوں میں تھرپارکر میں رہا کرتے تھے ، کئی دیہاتوں اور بستیوں کے لیے پانی اور علاج کی سہولتیں فراہم کیں ، بچوں کے لیے تعلیم کا انتظام کیا ، نہ صرف سندھ میں بلوچستان کے دور دراز علاقوؓں سمیت چترال اور کشمیر میںجاکر انسانی خدمت کے کام کیے، 80اور 85سال کی عمر میں بھی 18گھنٹے کام کرتے رہے تھے ۔