قطر کی امریکا طالبان معاہدے کی تقریب میں پاکستان کو شرکت کی دعوت

181

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) قطر نے پاکستان کو امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی۔امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ممکنہ طور پر 29 فروری کو تاریخی امن معاہدہ خلیجی ملک قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوگا جس میں کئی ممالک اور عالمی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔قطر نے باضابطہ طور پر پاکستان کو بھی امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔ پاکستان میں قطر کے سفیر صقر بن مبارک نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے دفترخارجہ میں ملاقات کی اور انہیں 29 فروری کو دوحہ میں امریکا طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔تقریب میں شرکت کی دعوت قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی کی جانب سے بھیجی گئی ہے، قطری سفیر نے شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ پیش کیا۔اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا اور طالبان کے امن معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے، افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں، آج دنیا پاکستان کا مؤقف تسلیم کر رہی ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ افغان مفاہمتی عمل آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطر کا کلیدی کردار ہے، امید ہے امن معاہدے پر دستخط بین الافغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔