عدلیہ عوام اور تاجروں کے معاشی قتل پر کب نوٹس لے گی؟ راجا پرویز اشرف

114

فیصل آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ معزز اعلیٰ عدلیہ عوام اور تاجر برادری کے معاشی قتل عام کا نوٹس کب لے گی؟ مٹ جائے گی مخلوق تو انصاف کرو گے؟ عام آدمی کو 2 وقت کی روٹی میسر نہیں نااہل نیازی حکومت کہتی ہے کہ گھبرانا نہیں، موجودہ بدترین معاشی بحران اور ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے تاجروں کی فیکٹریاں، ملز بچیں اور نہ ہی مزدوروں کا روزگار بچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی صدر پی پی پی محمد اعجاز چودھری کی رہائش گاہ سمندری روڈ پر اپنے اعزاز میں دی جانے والی ضیافت اور تاجروں، مزدوروں سمیت پارٹی قائدین و کارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فیصل آباد چیمبر آف کامرس سمیت تاجر برادری کی تمام تنظیموںاور بے روزگار ہونے والے مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے اور جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ جعلی تبدیلی لانے والوں نے’’ تبدیلی کے نام‘‘ پر قوم سے سنگین مذاق کیا ہے، تبدیلی سرکار کو اپنی ناکامیوں اور خود سے خطرہ ہے، عام آدمی کیلیے جینا بھی مشکل ہوگیا ہے جبکہ صنعت کار، تاجر، مزدور سمیت ہر طبقہ ہی معاشی بدحالی کا شکار ہے، فیصل آباد کی تاجر برادری بے لگام ٹیکسوں اور 17 فیصد سیل ٹیکس سے بری طرح پریشان ہے، ٹیکسٹائل سٹی پاکستان مانچسٹر کے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو گئے، 80 فیصد صنعتی ادارے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے سے بند ہوگئے، چوری ڈکیتی کی وارداتیں روزگار نہ ملنے کی وجہ سے اپنے عروج پر ہیں، گورنر پنجاب کا لولی پاپ بھی تاجروں کے کسی کام نہ آیا اور نہ ہی مطالبات پورے ہوئے۔