ایکسائز پولیس شکار پور نے اسنیپ چیکنگ کے دوران 25 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔

511

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاﺅلہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں ایکسائز پولیس شکار پورکو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر حبیب اللہ قاضی نے شکار پور چیک پوسٹ پر مشکوک ٹویوٹاہائی لیکس پک اپ نمبر پی اے اے267کی تلاشی کے دوران 25 کلو گرام چرس برآمد کرلی جبکہ دو ملزمان محمد فاروق اور سید نصیر احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ملزمان بلوچستان سے چرس کراچی لا رہے تھے۔

محکمہ ایکسائز شکار پور کی کامیاب کارروائی پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امورمکیش کمار چاﺅلہ ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الرحیم شیخ اور ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے مبارکباد دی ہے۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاﺅلہ نے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ محکمے کے افسران اور اہلکار اسی تندہی سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے اور صوبہ سندھ کو منشیات سے پاک کردیں گے۔