بہت جلد افغان عوام امن معاہدے کی خوشیاں منائیں گے، طالبان

486

افغان طالبان کے سیاسی امور کے رہنما سراج الدین حقانی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جلد امن معاہدہ طے پانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد افغان عوام امن معاہدے کے حوالے سے خوشی منائیں گے۔

امریکی اخبار میں لکھے گئے مضمون میں سراج الدین حقانی نے کہا کہ امریکا اور اتحادیوں کے خلاف دفاع کے سوا  طالبان کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا، اب وقت آگیا ہے کہ تشدد کا باب بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے لکھا کہ افغانستان سے غیرملکی افواج کا انخلا ہمارا بنیادی مطالبہ تھا، اب امریکا کے ساتھ امن معاہدے کے قریب ہیں اور افغان عوام کو معاہدے سے متعلق جلد خوشی ملے گی، یہ کوئی معمولی بات نہیں ایک بہت بڑا سنگ میل ہے۔

سراج الدین حقانی نے کہا کہ افغان شہریوں پر امریکا کی بمباری کے باعث بہت زیادہ دباؤ تھا، لیکن اس کے باوجود طالبان کی مذاکراتی کمیٹی نے ہرممکن کوشش کی اور معاہدے کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہم نئی خوشیوں کا آغاز کریں گے، ہم سب افغان بہن بھائی مل کر نئے اور پرامن، خوشحال افغانستان کی بنیاد رکھیں گے، تمام جلاوطن افغانیوں کو واپس آنے کی دعوت دی جائے گی۔