مودی حکومت کشمیر کے سیاسی نظربندوں کو رہا کرے: ارکان امریکی کانگریس

381

نئی دہلی: امریکی کانگریس کے دو ارکان  ایمی بیرا اور جارج ہولڈنگ نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ نریندر مودی حکومت کو جلد ہی سیاسی نظربندوں کو رہا کرنا چاہئے۔ ہم کشمیر میں معمولات کی جلد بحالی دیکھنا چاہتے ہیں، اور صورت حال کو جلد بحال کرنا چاہئے۔

کے پی آئی کے مطابق امریکی کانگریس کی  فارن افیئرز کمیٹی میں ایشیاء پیسیفک گروپ کے سربراہ  ایمی بیر ا  اور ریپبلکن کانگریس مین  جارج ہولڈنگ ان دنوں ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ایمی بیرا نے نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ امریکی کانگریس کے وفد کو مقبوضہ کشمیر لانے کے خواہاں ہیں۔ ہم نے کشمیر میں سیاسی رہنماں کی مسلسل نظربندی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہم وہاں معمولات کی جلد بحالی  دیکھنا چاہتے ہیں۔

جارج ہولڈنگ نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی مستحکم سیاسی صورتحال اس کی معاشی ترقی کے لئے اہم ہے۔ کشمیر میں معاشی ترقی میں اضافہ ضروری ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چوبیس اور پچیس فروری کے دورہ ہند سے کچھ دن قبل  امریکی کانگریس کے دو ارکان کے یہ تبصرے سامنے آئے ہیں۔ ماضی میں ، ڈونلڈ ٹرمپ نے بار بار بھارت اور پاکستان کے مابین مسئلہ کشمیر کے معاملے پر ثالثی کی پیش کش کی تھی۔ایمی بیرا نے بھی ایک متنازعہ قانون ، شہریت ترمیمی قانون پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ امریکی کانگریس کے متعدد ممبر پہلے ہی اس قانون  پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔