ریلوے پولیس نے ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنزپلیٹ فارم پرگیس سلنڈرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ۔

462

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ریلوے پولیس نے ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنزپلیٹ فارم پرگیس سلنڈرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سلنڈر قبضے میں لے لیے ہیں، اس کارروائی میں ریل گاڑیوں میں ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے، جن کے پاس اجازت نامے بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ریلوے گیس سلنڈرز کے خلاف آنکھیں بند کر کے کارروائیاں کرنے لگا، ٹرین کی ڈائننگ کار میں سلنڈر کی اجازت دینے کے بعد گیس سیلنڈر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، ڈائننگ کار والوں کے پاس ریلوے ہیڈ کوارٹرز کا اجازت نامہ بھی موجود ہے، تاہم ریلوے پولیس نے ان کے خلاف بھی کارروائیاں کیں اور مقدمات درج کیے۔

پاکستان ریلوے پولیس نے ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنز پلیٹ فارم پرگیس سلنڈرز، چولہوں اور دیگر آتش گیر مادوں اور ممنوع اشیاءکے خلاف کریک ڈاﺅن کیا، اس دوران ریلوے اسٹیشنز پر معروف کھانے پینے کی آﺅٹ لیٹس سے بھی گیس سیلنڈر ہٹا دیئے گئے، ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز، ٹرینوں اور ڈائننگ کاروں سے 69 گیس سلنڈرز اور چولہے قبضے میں لیے گئے جب کہ گیس سلنڈر رکھنے کے الزام میں 54 مقدمات کا بھی اندراج کیا گیا۔

کراچی ڈویژن نے 6 مقدمات کا اندراج کیا اور 10 گیس سلنڈرز کو قبضے میں لیا، سکھر ڈویژن نے 5 مقدمات کا اندراج کیا اور پانچ گیس سلنڈرز اور چولہے قبضے میں لیے، لاہور ڈویژن نے 15 مقدمات کا اندراج کیا اور 23 گیس سلنڈرز اور چولہے قبضے میں لیے، راولپنڈی ڈویژن نے 4 مقدمات کا اندراج کیا اور 5 گیس سلنڈرز اور چولہے تحویل میں لیے، ملتان ڈویژن نے 24 مقدمات کا اندراج کیا اور 24 گیس سلنڈرز اور چولہے قبضے میں لیے۔محکمہ ریلوے کے مطابق یہ کارروائی ریلوے مسافروں، اسٹیشنز، ٹرینوں اور دیگر احاطہ جات کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کے لیے کی گئی ہے۔