حکومت نے عام آدمی کے لئے صرف لنگرخانے کھولے ہیں،رانا ثنااللہ

460

لاہور:  مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے عام آدمی کے لئے صرف لنگرخانے کھولے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کے لئے صرف لنگرخانے کھولے ہیں، حکومت نے بجلی 150 اور گیس 300 فیصد مہنگی کردی، اربوں روپے کی سبسڈی ختم کرکے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم بند کردی گئی، یونیورسٹیوں کودی جانیوالی گرانٹ بندکردی گئی، حج پرسبسڈی ختم کردی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ آٹے اور چینی کا بحران 150 سے 200 ارب روپے کی واردات ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے 2 افراد کو کلین چٹ دے دی ان کے خلاف کون انکوائری کرے گا؟

(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کا پروپیگنڈا (ن) لیگ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا،شہزاد اکبر نے ہمارے ایک ایک منصوبے کو کھنگالا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دلائل کا جواب دلائل سے دینا چاہیے، فردوس عاشق اعوان باجی سے درخواست ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت کے لئے الفاظ کا چناؤ بہتر کریں، ورنہ کوئی ایسا لفظ کہہ دیا تو حلقے میں نہیں جا سکیں گی، گھٹیا اور توہین آمیز الفاظ کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔