پی ایس ایل 5: پی سی بی کا اردو کمنٹری کیلئے تاریخ ساز فیصلہ

425

کراچی: پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی قومی زبان “اردو” میں کمنٹری نشر کی جائے گی۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے مداحوں کو کھیل سے جوڑے رکھنے کیلئےٹیلی ویژن میچ کی براہِ راست نشریات کے دوران انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں رواں تبصروں کا بھی اہتمام کیا گیاہے۔‏اردو کمنٹری  رمیز راجہ، بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز کریں گے۔ سابق کھلاڑیوں پرمشتمل کمنٹری پینل ناظرین کومیچ کےدوران ہر اننگز میں 5 اوورز تک اردو میں کمنٹری فراہم کریں گےجو مقامی چینلزپر نشر ہوگی۔

علاوہ ازیں، پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کےآخری تین میچوں کے دوران اسپائیڈر کیم کے ذریعے کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز کے درمیان رابطہ بھی آن فیلڈ ایکشن کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرینز سےجڑے رہنے پر مجبور کرے گا۔ اس دوران گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی، کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹر سےگفتگو کرسکیں گے۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کی براڈ کاسٹ کوریج کے دوران کُل 28 کیمراز کا استعمال کیا جائےگا جس میں سپر سلو اور الٹرا موشن کیمراز بھی شامل ہیں۔ لیگ کے دوران اسپائیڈر کیم اور ہاک آئی بال ٹریکنگ کا نظام چاروں شہروں، کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی  میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوران دستیاب ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان بھی  کردیا ہے۔ جن میں آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے سابق کرکٹر ڈرک نینِز،جنوبی افریقہ کے ایچ ڈی ایکرمن، انگلینڈ کے مارک بُچر، ڈومِنک کورک اور جنوبی افریقہ کی خاتون کمنٹیٹر کاس نائیڈو پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کمنٹری کریں گے۔

دوسری جانب پی سی بی نے ڈینی موریسن، مائیکل سلیٹر، ایلن ولکنز اورجونٹی رھوڈز کو کمنٹری پینل میں برقرار رکھاہے۔

واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا باقائد ہ آغاز رواں کی 20 فروری سےہوگا اور  22 مارچ تک جاری رہے گا ۔پی ایس ایل  5 کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز میں کھیلی جائے گی ۔

یاد رہے کہ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔