پاکستان کی محبت، جماعت اسلامی بنگلادیش کے نائب امیر دوران حراست چل بسے

614

ڈھاکا: پاکستان سے محبت کے جرم میں بنگلادیش میں جماعت اسلامی کےرہنماؤں کو اذیتیں اور تکالیف دینے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے،گزشتہ روز نائب امیر جماعت اسلامی بنگلادیش عبدالسبحان دوران حراست انتقال کرگئے۔

 پاکستان سے محبت کے جرم اور مشرقی پاکستان (بنگلادیش ) بننے سے روکنے کیلئے جدوجہد کی عظیم داستانیں رقم کرنےوالےجماعت اسلامی بنگلادیش کے رہنمااس وقت بھی اذیتیں اور تکالیف برداشت کرنے پرمجبورہیں ،گزشتہ روز طویل حراست اور علالت کے باعث نائب امیر جماعت اسلامی بنگلادیش عبدالسبحان انتقال کرگئے۔

نائب امیر بنگلادیش عبدالسبحان پبنہ سٹی سے 5 بار بنگلہ دیش پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ، ان کی پیدائش 1936 کوسجا نگربنگلادیش میں ہوئی۔ انکی 91 سالہ زندگی کا بڑا حصہ ایک متحرک اور با اصول سیاسی شخصیت کے طور پر بسر ہوا، بنگلادیش بننے سے قبل انھوں نے  پبنا یونٹ کےسربراہ کی حیثیت سے کام کیا اور پبنہ سٹی سے جنرل سکریٹری اور بعدازاں  “امن کمیٹی” کے نائب صدرمنتخب ہوئے۔

اس وقت کی”امن کمیٹی” کو بھارت نے سازش قراردے کر الزام عائد کیا کہ عبدالسبحان  نے البدر اور الشمس بریگیڈ کیے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور آزادی کی تحریک میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔مشرقی پاکستان  کی علیحدگی کے بعد ان پر 1972 میں غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ۔

نائب امیر جماعت اسلامی عبدالسبحان کوجنگی  جرائم کے الزامات میں سزا سنائی گئی تھی  وہ 2012 سےجیل میں قید تھے۔عبدالسبحان کو 24 جنوری کو ملک کی مرکزی جیل سے ڈھاکہ میڈیکل اسپتال (ڈی ایم سی ایچ) لایا گیا تھا۔

دوسری جانب جماعت اسلامی اور اسٹوڈنٹ ونگ  اسلامی جمعیت طلباء نے عبدالسبحان  کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے نائب امیراور 5 بار منتخب ہونے والے سابق قانون سازاسمبلی کےممبر سے جیل میں نامناسب سلوک کیا گیا جس کے باعث  وہ انتقال کر گئے جبکہ حکومت نےجھوٹےمقدمات  بناکر ان کو جیل میں ڈالا ۔

اس سے قبل بھی بنگلادیش میں بھارت نواز حکومت نے ہندوستان کی ایما پر جماعت اسلامی بنگلادیش کے کئی رہنماؤں کو پھانسیاں  دیں جبکہ سیکڑوں رہنما اور کارکنا ن آج بھی لاپتہ یا جیلوں میں قید ہیں۔

 واضح رہے کہ 1971 میں پاکستان کی حمایت کا الزام لگا کر انہیں 2015 میں انسانیت کے خلاف مبینہ جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔