سندھ میں کرپشن عروج پر وزارتیں بھی یرغمال ہیں،سید عبدالرشید

134
حیدرآباد: جماعت اسلامی کے رہنما و رکن اسمبلی سید عبدالرشید ’’شہید عظیم بلوچ‘‘ باکسنگ ٹورنامنٹ کا افتتاح کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ کے تحت مکرانی پاڑے میں ریلوے ٹریک کے ساتھ گرائونڈ میںجماعت اسلامی یوتھ کے نوجوانوں نے شہید عظیم بلوچ باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا ہے ، ایک طرف سرکاری میدان ویران ہیں ،کڑوروں روپے کے بجٹ کھیلوں کے لیے مختص کیے جاتے ہیں لیکن ان کا پتا نہیں چلتا ۔ اگر حکومت کوئی کام نہیں کرے گی تو ہم بھی اپنے نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ صوبہ سندھ وہ واحد صوبہ ہے جس میں وزارتیں بھی یرغمال ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ حیدرآباد کے زیر اہتمام کینٹ زون میں ’’شہید عظیم بلوچ‘‘ باکسنگ ٹورنامنٹ مکرانی پاڑہ مکی شاہ روڈ حیدرآباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کرپشن سر پر چڑھ کر بول رہی ہے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ انہی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے ورنہ عوام کا غیض و غضب دیانتداری کا علم لے کر سیلاب کی صورت میں اٹھے گا اور انہیں بہا لے جائے گا۔کرپشن کا علاج صرف یہ ہے کہ دیانتدار لوگوں کی بڑی تعداد کو ایوانوںتک پہنچایا جائے، ملک بھر خصوصاًسندھ کے عوام کو چاہیے کہ وہ حکمرانوں کی خواہشات کی تکمیل کے لیے آگے آنے کی بجائے اپنے مستقل کی فکر کریں اوربلدیاتی انتخابات میں دیانتدار اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگوں کو آگے لا کر بہتری کے نظام کی بنیاد رکھیں۔اس موقع پرجے آئی یوتھ سندھ کے جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ ، صدر جے آئی یوتھ حیدرآباد راحیل قریشی ، ا نچارج اسپورٹس کمیٹی جے آئی یوتھ حیدرآباد احسن معید شیخ ، مکرانی پاڑہ پیپلز پارٹی کے رہنما عطا بلوچ، امیر جماعت اسلامی زون لطیف آباداے سید ناصر علی کاظمی ، محمد عرفان قائمخانی ودیگربھی شریک تھے۔
سید عبدالرشید