پی ایل ایل 5: پی سی بی کا معروف براڈ کاسٹ کمپنی سے معاہدہ

560

لاہور: پی ایس ایل 2020 کی کوریج کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) اور اسپورٹس نیوز ٹیلی ویژن (ایس این ٹی وی) میں شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کیلئے پی سی بی اور ایس این ٹی وی کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا ہے ، ایس این ٹی وی  کو ایونٹ کے تمام 34 میچوں کی جھلکیوں کے علاوہ میچ کے اختتام پر پریس کانفرنس کور کرنے کی اجازت بھی ہوگی۔

پی ایس ایل 5 میں دنیا بھر کے نیوز براڈکاسٹرز کو 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ کے تمام میچز کی جھلکیوں تک رسائی ممکن ہوگی۔

واضح رہے کہ ایس این ٹی وی دنیا کی معروف نیوزایجنسی ہے، 1996 کو قائم ہونے والی یہ  نیوز ایجنسی دنیا بھر کے 115 سے زائد ممالک میں اپنی سروسز فراہم کرتی ہے۔ جو دن کے 24 گھنٹوں میں دنیا بھر کے 1200 صحافتی اداروں کو ڈیجٹل مواد فراہم کرتی ہے۔

یاد رہے کہ ایس این ٹی وی کی جانب سے فراہم کیا جانے والا تمام مواد صرف ایڈیٹوریل مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے نیوز براڈکاسٹرز کو مذکورہ مواد سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان سپر لیگ 2020 کی وسیع و عریض کوریج کیلئےدنیائے اسپورٹس کی ایک معروف کمپنی “ایس این ٹی وی” کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہے۔ یہ نئی شراکت داری پی سی بی کو دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں تک پہنچنے کا ذریعہ فراہم کرے گی۔

وسیم خان نے مزید کہا کہ 32 روزہ ایونٹ میں 36 غیرملکی کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، ایس این ٹی وی سے شراکت داری کے بعد ان کھلاڑیوں کے ہم وطن بھی انہیں ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔ہمارا معاہدہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے  میں معاون ثابت ہوگااور مستقبل میں غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کیلئےبھی  مددگار ہوگا۔

ایس این ٹی وی کےمنیجنگ ڈائریکٹر جیمز ڈابس کا کہنا ہےکہ وہ پی سی بی کے ساتھ شراکت داری پرخوش ہیں ہم پی ایس ایل کی باقائد ہ کوریج کرکے وسعت فراہم کریں گے ۔