دکھی انسانیت کی خدمت کر نے سے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہوتاہے

339

لاہور (نمائندہ جسارت) صدر گورننگ باڈی ثریا عظیم (وقف) اسپتال و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کر نے سے ہی اللہ تعالیٰ کا قرب اور رضا حاصل ہوتی ہے۔ثریا عظیم اسپتال شعبہ جات آئی اور گائنی میڈیکل کے حوالے سے مفت میڈکل کیمپس کا آغازکیا جا ئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم (وقف) اسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں سیکرٹری گورننگ باڈی ڈاکٹر افتخار احمد چودھری، ایم ایس ثریا عظیم ڈاکٹر لیاقت علی، صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، فیاض احمد فیضی، محسن بشیر، انوار عالم، واجد عباسی، محمد احسن سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ صدر گورننگ باڈی ثریا عظیم (وقف) اسپتال ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ 19 فروری کو دو روزہ مفت گائنی کیمپ لگائے جائے گا۔مفت گائنی کیمپ میں مفت چیک اپ، ادویات، ایچ بی، بلڈشوگر ، کیلشیم اور مفت کولیسٹرول ٹیسٹ کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کی فلاح و بہبود کیلیے مؤثر اور جامعہ حکمت عملی کے ذریعے اسپتال کے انتظامی امور کو چلایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ثریا عظیم (وقف) اسپتال علاقے کی عوام اور خاص کر غریبوں کے لیے بہترین خدمات سر انجام دے رہا ہے۔اس موقع پر اجلاس میں ثریا عظیم (وقف) اسپتال کے شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افسران اسپتال نے صدر گورننگ باڈی ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد کو تمام امور کے حوالے سے بریفنگ دی اور اسپتال کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔