حکمرانوں اور ریاستی اداروں نے بلوچستان کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا‘ عبدالحق ہاشمی

454
امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی چیف ایڈیٹر جسارت اطہر ہاشمی سے ملاقات کررہے ہیں‘ مولانا محمد اسماعیل اور مظفر اعجاز بھی موجود ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی کا جسارت کا دورہ‘ چیف ایڈیٹر اطہر علی ہاشمی اور ایڈیٹر مظفر اعجاز سے ملاقات، ملکی وعلاقائی صورتحال پر گفتگو کی اس موقع پر ان کے ساتھ مولانا محمد اسماعیل ،احمد مسعود اشرف انصاری بھی تھے، عبدالحق ہاشمی نے جسارت کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا ، اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ حکومت نے بلوچستان کے سلگتے مسائل پر کبھی توجہ نہیں دی‘ وقتی طورپر حکومت کے معاملات بہتر کرنے کے لیے مذاکرات کیے گئے ، کسی بھی حکومت نے مسئلے کے مستقل حل پر توجہ نہیں دی، بلوچستان کے لوگوں کو لاپتا کرنے سے صورتحال کسی صورت بہتر نہیں ہوسکتی‘ انہوں نے کہا کہ بلوچوں کو عسکریت پسندی سے نجات دلانے کے لیے مستقل لائحہ عمل اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ناگزیر ہے‘ بلوچستان کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور ریاستی اداروں نے سقوط ڈھاکا سے سبق نہیں سیکھا‘اپنے شہریوں سے غیروں جیسا سلوک ریاست سے نفرت کا سبب بنتا ہے‘ اداروں کو حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایسے اقدامات سے گریزکرنا چاہیے جس سے عوام میں نفرت پروان چڑھے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اس وقت تک اقتدار میں رہے گی جب تک اسے لانے والے چاہیں گے لیکن اب وہ بھی مایوس ہونے لگے ہیں‘ عبدالحق ہاشمی کا کہنا تھا کہ حکومتوں میں تبدیلی کا آغاز بلوچستان سے ہوگا‘ مرکز کا نمبر بعد میں آئے گا۔