راولپنڈی ٹیسٹ ،نسیم شاہ کی ہٹ ٹرک،بنگلادیش مشکل میں

404
راولپنڈی: پاکستان اوربنگلادیش کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلادیشی بلے بازآئوٹ ہوتے ہوئے ، دوسری تصویر میں مہمان بولر پاکستانی بلے باز کو آئوٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کررہا ہے ،آخری تصویر میں قومی کپتان اظہر علی اورحارث سہیل بیٹنگ کرتے ہوئے

راولپنڈی (جسارت نیوز)راولپنڈی ٹیسٹ میںنوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک کی وجہ سے بنگلا دیش پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط کر لی۔بنگلا دیش کی ٹیم نے 212 رنز خسارے میں جانے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں6وکٹوں کے نقصان پر126رنز بنا لئے۔ بنگلا دیش کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 86رنز درکار ہیں اور اسکی صرف4وکٹیں باقی ہیں،نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر بولر بن گئے ہیں انہوں نے نجم الحسن شنٹو ، تیج الاسلام اور تجربہ کار بلے باز محمود اللہ کو سلپ میں کیچ آئوٹ کرا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں نسیم شاہ نے4اوریاسر شاہ نے2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 342رنز 3 کھلاڑی آئوٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو دن کی دوسری ہی گیند پر بابر اعظم اپنے گزشتہ اسکور میں بغیر کسی اضافے کے پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 18چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 143رنز بنائے۔بنگلا دیش نے عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دوسرے اینڈ پر موجود اسد شفیق کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جو 65رنز بنانے کے بعد عبادت حسین کی وکٹ بنے۔حارث سہیل اور محمد رضوان کی ساجھے داری بھی 21رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور رضوان ایک مرتبہ پھر ناکامی کا شکار ہو کر صرف 10رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد حارث نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستان کو 400رنز کے ہندسے تک رسائی دلانے کے ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے کوئی مدد نہ مل سکی اور یاسر شاہ کے بعد شاہین شاہ آفریدی بھی روبیل حسین کی وکٹ بن گئے۔بعد ازاں حارث سہیل ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں 75رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔اس کے بعد بنگلا دیش کو پاکستان کی بساط لپیٹے میں زیادہ دیر نہ لگی اور نسیم شاہ کے رن آئوٹ ہونے کے ساتھ ہی پاکستان کی پوری ٹیم 445رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے بنگلا دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 212رنز کی بھاری برتری بھی حاصل کی۔بنگلا دیش کی جانب سے ابو زید اور روبیل حسین نے 3،3 ، تیج الاسلام نے 2 اور عبادت حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔بنگلا دیش نے دوسری اننگز شروع کی تو اوپنر تمیم اقبال اور سیف حسن نے کریز سنبھالی تاہم سیف حسن صرف16 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔تمیم اقبال بھی 53رنز کے مجموعی اسکور پر 34رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے انہیں یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔کپتان مومن الحق اور نجم الحسن شنٹو نے تیسری وکٹ کیلئے71رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کاا سکور124رنز تک پہنچا دیا مگر نوجوان فاسٹ باور نسیم شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کی اور بنگلا دیش کی ٹیم کی کمر توڑ دی۔نسیم شاہ نے بنگلا دیش کی دوسری اننگز کے اسکور124پر سیٹ بیٹسمین نجم الحسن شنٹو کو ایل بی ڈبلیوآئوٹ کیا۔نجم الحسن شنٹو 38رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ نسیم شاہ نے پھر تیج الاسلام کو پہلی ہی گیند پرایل بی ڈبلیو آئوٹ کر دیا، پھر اگلی ہی گیند پر بنگلا دیش کے تجربہ کار بلے باز محمود اللہ کو سلپ میں کیچ آئوٹ کرا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔سلپ میں حارث سہلی نے محمد اللہ کا کیچ پکڑا۔126رنز کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ نے محمد متھن کو بھی بولڈ کر دیا۔تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلا دیش نے6وکٹوں کے نقصان پر126رنز بنائے تھے اور اسکو پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 86رنز درکار ہیں اور اسکی صرف 4 وکٹیں باقی ہیں ۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں نسیم شاہ نے4اوریاسر شاہ نے2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔