جھڑپوں میں 4 فلسطینی شہید،14 اسرائیلی فوجی زخمی

361
فلسطین: قابض صہیونی فوج نے مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط کو تالا ڈال رکھا ہے‘ جنین میں شہید ہونے والے پولیس اہل کار اور نوجوان کو آخری آرام گاہ لے جایا جارہا ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ سے متعلق مجوزہ امن منصوبے کے اعلان نے مغربی کنارے میں آگ لگا دی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق غرب اردن میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جب کہ ایک کارروائی میں 14 صہیونی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ٹرمپ کے اعلان کے بعد اب تک کی سب سے خوں ریز جھڑپیں ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق جمعرات کی صبح غرب اردن کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک 19سالہ فلسطینی نوجوان یزن ابوطبیخ شہید اور 6فلسطینی زخمی ہوئے، جن میں ایک 25 سالہ فلسطینی پولیس اہل کار طارق لؤی بدوان بھی شامل تھا، جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔ اسی علاقے میں مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم کے دوران ایک 17سالہ فلسطینی لڑکا شہید ہوا۔ مقبوضہ بیت المقدس کے باب الاسباط پر ایک فلسطینی کی فائرنگ سے اسرائیلی فوجی زخمی ہو گیا، جب کہ حملہ آورجوابی فائرنگ میں جام شہادت نوش کرگیا۔ حملہ آور کا تعلق مقبوضہ شہر حیفا سے تھا۔ حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے قدیم بیت المقدس شہر اور مسجداقصیٰ کے کئی دروازے بند کردیے۔ رام اللہ کے مغرب میں راس کرکر قصبے کے قریب فائرنگ سے اسرائیلی فوجی زخمی ہوا۔ اس مقام پر اسرائیلی فوجیوں پر ایک گزرتی ہوئی کار سے گولیاں برسائی گئیں۔ بیت لحم میں جھڑپوں کے دوران 79 فلسطینی زخمی ہوئے، جن میں سے 4 کو براہِ راست گولیاں لگیں۔ اس سے قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک فلسطینی شہری نے اپنی کار اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 14اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔ حملہ آور جائے واقعہ سے فرار ہو گیا۔ زخمی فوجیوں میں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق گاڑی چلانے والا شخص کارروائی کے بعد اسرائیلی فوج کی افراتفری کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ بعد میں اسرائیلی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ بیت المقدس میں فوجیوں کو روندنے کی کارروائی میں استعمال ہونے والی گاڑی بیت لحم کے نزدیک کھڑی مل گئی ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق پولیس نے اس کارروائی کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ جائے وقوع پر ابتدائی تصاویر اور وڈیوز میں پولیس اور ایمبولینس کی کئی گاڑیاں نظر آ رہی ہیں۔ ادھر ایک فلسطینی ذمے دار کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس پیر کے روز نیویارک روانہ ہوں گے۔ تنظیم آزادی فلسطین کی مجلس عاملہ کے رکن صالح رافت نے بتایا کہ صدر سلامتی کونسل میں رائے شماری کے لیے ایک قرار داد پیش کریں گے۔