بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے‘ ہم صبر کا مظاہرہ کررہے ہیں‘ جنرل باجوہ

557

راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصانات کے مد نظر صبر وتحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت ایک پالیسی کے تحت کشمیریوں کے حقوق غصب اورانہیں طاقت کے اندھا دھند استعمال سے دبا رہا ہے، وادی کو جیل میں تبدیل کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو قید کردیا گیا ہے، اس سال 5فروری یکجہتی کے اظہار سے بڑھ کر ہے، ثابت قدمی سے بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ کشمیری یواین قراردادوں کی روشنی میں اپنا حق خودارادیت حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیری جدوجہد میں اکیلے نہیں ہم ان کی تکالیف اور بہتر کل کے خوابوں میں، ہر قیمت پر ثابت قدمی سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جنرل باجوہ کا کہنا تھاکہ پاکستان فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہت مستعد ہے، ہمارے فوجی جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، بھارتی افواج کنٹرول لائن پراشتعال انگیزی اورسول آبادی کو جارحیت کا نشانہ بناتی ہیں، پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، ہم ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔