پی آئی اے نے یوم کشمیر فضاؤں میں منایا

664

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فضاؤں میں بھی کشمیری پرچموں کی بہار آ گئی، پی آئی اے کی بدولت یوم یکجہتی کشمیر زمین سے بلند فضاؤں میں بھی منایا گیا،

قومی ایئر لائن پی آئی اے کی جانب سے مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار اپنی پروازوں میں بھی کیا گیا، اس سلسلے میں اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں فضائی میزبانوں کی جانب سے کشمیر سے اظہار یکجہتی کے اعلانات کیے گئے،

پی آئی اے کے عملے نے دوران پرواز مسافروں میں کشمیری پرچم بھی تقسیم کیے، پروازوں کے اندر کشمیری پرچم لہراتے دکھائی دیے، اور بھرپور طریقے سے کشمیر ڈے منایا گیا ہے،

مسافروں کی جانب سے بھی جوش و جذبے کا اظہار کیا گیا اور انھوں نے کشمیری پرچم تھام کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا،

خیال رہے کہ آج مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل اور بدترین مظالم کے خلاف دنیا بھر میں یوم یک جہتی کشمیر منایا گیا، کشمیری شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی،

وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ مودی نے 6 ماہ پہلے جو قدم اٹھایا تھا، میرا ایمان ہے کشمیر اب آزاد ہوگا، 5 اگست کو مودی وہ غلطی کر بیٹھا ہے جس سے اب پیچھے نہیں ہٹ سکتا ہے۔