سول ایوی ایشن اتھارٹی عملے کی فرض شناسی ،20 لاکھ مالیت کے زیورات مسافر خاتون کے بھائی کے حوالے کر دیے ،

247

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہرقائدسے دبئی جانے والی خاتون لاکھوں مالیت کے زیورات کراچی ایئرپورٹ ہی پر بھول کر دبئی پہنچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق عائشہ اعجاز نامی خاتون مسافر اپنے شوہر کے ہمراہ پرواز EK 609 سے آسٹریلیا براستہ دبئی جا رہی تھیں، تاہم جہاز پر سوار ہونے سے قبل کراچی ایئرپورٹ کے کاﺅنٹر پر بیش قیمت زیورات سے بھرا بیگ بھول گئیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے بھی فرض شناسی اور ایمان داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذکورہ بیگ اس کی مالک خاتون تک پہنچایا۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق خاتون عائشہ اعجاز لاکھوں مالیت کا سونا جہاز میں بیھٹنے سے پہلے ائیر لائن کے کاﺅنٹر پر بھول گئی تھی، سی اے اے کے DFO راﺅنڈ پر تھے، انھوں نے کاﺅنٹر کے قریب بیگ پڑا ہوا دیکھا، بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں لاکھو ں روپے کے طلائی زیورات موجود تھے۔

سی اے اے نے مسافر کا رابطہ نمبر حاصل کیا اور خاتون مسافر سے رابطہ کیا، خاتون نے بتایا کہ وہ دبئی پہنچنے کے بعد دستی سامان گم ہونے پر پریشان تھی۔ خاتون کی جانب سے زیورات کی وصولی کے لیے رشتے دار ایئرپورٹ بھیجے گئے۔ ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے مسافر کے بھائی اور رشتے دار سے ضروری تصدیق کے بعد زیورات ان کے حوالے کر دیئے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق زیورات کی ما لیت 20 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔