پاکستان رینجرز نے اندھے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ،

489

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے مورخہ 15جنوری2020 کوجمشید ٹاو¿ن کے علاقے منظور کالونی میں ہونے والے کالعدم جماعت کے علاقائی عہدیدار محمد زاہد ولد عبدالکریم کے اندھے قتل کی واردات میں شامل ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے تکنیکی ثبوت اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر منظور کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث تینوں ملزمان محمد لقمان عاصم عرف بلال، محمد سہیل اور جنید خادم کوگرفتارکر لیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم محمد لقمان عاصم عرف بلال نے اعتراف کیا کہ تینوں ملزمان محمد لقمان عاصم عرف بلال، محمد سہیل اور جنید خادم تقریباً 6ماہ سے مقتول محمد زاہد ولد عبدالکریم کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ مورخہ 15جنوری 2020کو ملزمان نے مقتول محمد زاہد کو قتل کیا۔ ملزم محمد لقمان عاصم عرف بلال نے قتل کرنے کے لیے اپنا لائسنس یافتہ پستول لیا تھا جو کہ بعد ازاں ملزمان سے برآمد کر لیاگیا۔

ملزمان کو اسلحہ اور گولیوں سمیت قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام سے اپیل ہے وہ دہشت گردی کی روک تھا م کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں اورکسی مشکوک فرد اور مشکوک سرگرمی میں ملوث عناصر کی اطلاع فور ی طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔