لیبیا میں کشیدگی کا اثر پورے خطے پر پڑ سکتا ہے‘ ترکی کا انتباہ

166
استنبول: تُرک صدر رجب طیب اردوان یونیورسٹی کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں‘ جرمن چانسلر انجیلا مرکل بھی موجود ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ترکی کے دورے کے دوران صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، جس میں ترک صدر نے لیبیا کی صورت حال مزید خراب ہونے کے حوالے سے خبردار کیا۔ استنبول میں ترک جرمن یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اردوان کا کہنا تھا کہ اگر لیبیا میں قیام امن کے لیے جلد اقدامات نہیں کیے گئے تو اس کا اثر پورے خطے پر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری شام میں ہونے والی غلطی کو لیبیا میں نہ دہرائے۔ انہوں نے کہا کہ داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کو ابھی سے علاقے میں نشانہ نہ بنایا گیا تو انہیں خطے میں اپنے پاؤں پھر سے پھیلانے کے مواقع میسر آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ حفتر اور ان کے حامیوں پر مسلسل دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے، تاکہ وہ طرابلس پر چڑھائی کا ارادہ ترک کردے۔ انہوں نے کہا کہ طرابلس میں شہری بستیوں پر حملوں میں اضافے اور ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے سے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ انجیلا مرکل کے ساتھ ان کا ایک وفد بھی ترکی آیا ہے۔ ان کی آمد کے موقع پر ہوائی اڈے پر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے۔ اپنے دورے میں وہ تُرک صدر سے دوطرفہ تعلقات اور دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گی۔ اس کے علاوہ یورپی یونین کے ساتھ الحاق اور مہاجرین سے متعلق کیے گئے سمجھوتے پر بھی بات چیت ہوگی۔