یورپی یونین کے سربراہوں نے بریگزٹ معاہدے پر دستخط کر دیے

291
برسلز: یورپی کمیشن کی صدر ارزلا فان اور کونسل کے سربراہ چارلس مشیل بریگزٹ معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی کمیشن کی صدر ارزلا فان ڈیر لائن اور یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے بریگزٹ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق فان ڈیر لائن نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ اب یورپی پارلیمان سے آیندہ ہفتے اس معاہدے کی توثیق کی ضرورت ہے۔ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کی ڈیڈ لائن 31جنوری ہے۔ جمعرات کے روز برطانوی ملکہ الزبتھ دوم بھی اس قانون پر دستخط کر چکی ہیں۔ برطانوی پارلیمان کے ڈپٹی اسپیکر نائیجل ایوان نے تصدیق کی تھی کہ ملکہ کی جانب سے دستخط کی گئی دستاویزات انہیں موصول ہوگئی ہیں اور اب بریگزٹ معاہدے کو قانون کا حصہ تصور کیا جائے گا۔آیندہ ماہ سے دونوں فریقین کے درمیان ایک حتمی تجارتی معاہدہ طے کیے جانے کے لیے مذاکرات کا مرحلہ شروع ہوگا۔ یاد رہے کہ 2016ء میں برطانوی شہریوں کی اکثریت نے ایک ریفرنڈم میں بریگزٹ کی حمایت کی تھی۔