بنگلادیش کرکٹ ٹیم آج پاکستان پہنچے گی

480
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس میں مصروف ہیں ،دوسری تصویر میں کوچ کھلاڑیوں کو مشورے دیتے ہوئے

لاہور(جسارت نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم 24 جنوری کو بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدمقابل آئے گی۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی جیت کا تناسب 80 فیصد ہے۔ اب تک 10 میچوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل آنے والی ٹیموں میں 8 میچز پاکستان اور 2 بنگلا دیش نے جیتے۔ پاکستان 2008 میں بھی بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرچکا ہے۔ 20 اپریل 2008 کو کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 102 رنز سے ہرایا تھا۔دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2016 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں تھیں۔ 16 مارچ 2016 کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 55 رنز سے شکست سے دوچار کیا تھا۔اسی طرح دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ 2 ستمبر 2007 کو کینیا کے شہر نیروبی میں آمنے سامنے آئیں تھیں، جہاں پاکستان نے 30 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔ میچ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے شعیب ملک حالیہ سیریز میں قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں تاہم جمعہ سے شروع ہونے والی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں۔ سیریز میں شرکت کے لیے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم آج رات لاہور پہنچے گی۔ مہمان ٹیم 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچز کھیلے گی۔شیڈول کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیمیں کل دوپہر 1 سے شام 4 بجے تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کریں گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز دن کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔ میچز کے لیے ٹاس ڈیڑھ بجے ہوگا جبکہ تینوں روز میچ میں کھیل کا باقاعدہ آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا۔دونوں ٹیمیں دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے درمیان 26 جنوری بروز اتوار کو بھی پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گی۔ 27 جنوری کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد مہمان ٹیم 28 جنوری کو وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔واضح رہے کہ مہمان ٹیم کے ہمراہ بنگلا دیش انٹیلی جنس کے افسران بھی موجود ہوں گے۔ صدر بنگلادیش بورڈ ناظم الحسن 23جنوری کی رات لاہور پہنچیں گے جبکہ ڈائریکٹر کرکٹ اکرم خان اور چیف سلیکٹر منہاج العابدین بھی ٹیم کے ہمراہ آئیں گے۔