انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ ،پاکستان اور زمبابوے آج مدمقابل ہونگے

253

لاہور(جسارت نیوز )اسکاٹ لینڈ کے خلاف فتح حاصل کرنے کے بعد قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم آج بدھ کو زمبابوے کے مدمقابل ہو گی۔ زمبابوے کے خلاف جیت سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے سپر لیگ کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف 76 رنز کا ہدف محض 12ویں اوور میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔دوسری جانب زمبابوے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں بنگلا دیش سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، میچ میں بنگلا دیش انڈر 19 ٹیم نے زمبابوے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 9 وکٹوں سے ہرایا تھا۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری پول میچ 24 جنوری بروز جمعہ کو بنگلا دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ اسی روزدونوں ممالک کی سینئر ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہو ں گی۔اس سے قبل 13مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ کے تمام ایڈیشنز کے سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم 5 مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے، جس میں 2 مرتبہ قسمت کی دیوی پاکستان پر مہربان رہی۔ اتوار کے روز قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وسیم جونیئر نے اسکاٹ لینڈکے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے میچ کے دوران 7.5 اوورز میں 12 رنز کے عوض5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف اس میچ میں طاہر حسین نے 3اور عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں تھی۔نوجوان بلے باز محمد حارث اسکاٹ لینڈ کے خلاف فائنل الیون کا حصہ تو تھے مگر کم اسکور کے باعث میچ میں انہیں بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔محمد حارث نے کہاکہ انڈر 19 کرکٹ، ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کوئی بھی نوجوان کرکٹر قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے کی اہلیت رکھتا ہے۔ نوجوان بلے باز کا کہنا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ 2020 کیلئے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے جونز بٹلر ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں اور وہ ان کی طرح مڈل آرڈر میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے خواہش مند ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے محمد حارث نے کہا کہ بچپن سے انہیں کرکٹر بننے کا شوق تھا۔نوجوان اسپنر آرش علی خان اسکاٹ لینڈکے خلاف میچ میں فائنل الیون کا حصہ نہیں تھے مگر وہ موقع ملنے پر ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پرامید ہیں۔آرش علی خان کا کہنا ہے کہ اے سی سی ایشیا کپ 2016 میں فاسٹ بولر محمد عامر کابھارت کے خلاف اسپیل انہیں آج بھی یاد ہے۔ یادگار اسپیل میں محمد عامر نے روہت شرما ، اجنکا رہانے اور سریش رائنا کو پویلین کی راہ دکھائی تھی ۔