پاک سعودی عرب تعلقات عوامی فلاح کا وسیلہ ہیں، نواف بن سعید المالکی

141

اسلام آباد (صباح نیوز) سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی خصوصی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے امور پر مفصل بات چیت کی گئی۔ سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو عوام کی فلاح کا وسیلہ قرار دیتے ہوئیکہا کہ سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سیاسی، سماجی، معاشی و حکومتی سطح پر دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات قیمتی اثاثہ ہیں۔ سعودی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین متحرک روابط سے عوام کی فلاح کے مشترک ہدف کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔ سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ دہائیوں پر محیط پاک سعودی تعلقات باہمی تکریم، اعتماد اور بھائی چارے سے مزین ہیں۔ لاکھوں پاکستانی محنت کش اپنا خون پسینہ ایک کرکے سعودی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پاک-سعودی سفارتی تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کٹھن معاشی حالات میں پاکستان کا ساتھ دینے پر قوم سعودی عرب کی مشکور ہے۔