ایران نے کوئی دھمکی نہیں دی،جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں،یو اے ای

163

ابو ظبی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے سیکورٹی خطرات کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی سے اپنے شہریوں اور باہر سے آنے والے افراد کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی خارجہ امور کی وزارت اور انٹرنیشنل کوآپریشن نے موجودہ صورتحال کا حل مذاکرات اور سیاسی طور پر نکالنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں بدلتی صورت حال پر نظر ہے اور بڑھتی کشیدگی کو کم کرنا ضروری ہے۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ بیان برطانیہ اور امریکا کی جانب سے اپنے شہریوں کو متحدہ عرب امارات میں سفری انتباہ جاری کرنے اور اپنے ملکوں میں واپس آنے کی ہدایت کے بعد جاری کیا گیا۔مقامی اخبار دی نیشنل کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ ممالک کی جانب سے اس طرح کا کوئی سفری انتباہ جاری نہیں کیا گیا۔اخبار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں امریکا کی سیکورٹی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔دبئی میڈیا آفس نے ایران کی دھمکی کے حوالے سے جاری افواہوں کو مسترد کردیا اور ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایران کی حکومت کے کسی عہدیدار کی جانب سے ایسا بیان جاری نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام لوگوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ جھوٹی خبریں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔