اسلام آبادہائیکورٹ: نرم اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کا کیس

87

اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے نرم اسپتال کے مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کے معاملے پر طلبی کے باوجود سیکرٹری ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اللہ بخش کے عدالت میں پیش نہ ہونے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ کیوں نہ سیکرٹری ہیلتھ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ گزشتہ روز عدالت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نرم اسپتال کی مستقل تعیناتی سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالتی احکامات پر عمل کرنے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت کی جانب سے گزشتہ روز آرڈر جاری کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ فوری عدالتی احکامات پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر عدالتی احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز ہوگا، فاضل عدالت نے متعلقہ وزارت کے سیکرٹری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 14جنوری تک ملتوی کر دی۔