آبی منصوبوں کیلیے 70 میں سے 24 ارب روپے خرچ کرچکے، فیصل واوڈا

89

اسلام آباد (آن لائن ) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں آبی منصوبوں کیلیے 70 ارب روپے مختص کیے گئے جن میں سے اب تک 24 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں، آبی منصوبوں سے سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں پانی کی فراہمی سمیت واٹر لاگنگ کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا۔ گزشتہ روز فیصل واوڈا کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں جاری وفاقی ترقیاتی فنڈڈ 112 آبی منصوبوں کے فنڈز اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ ملک بھر میں 112 آبی منصوبوں میں سے 61 جاری اور 51 نئے منصوبے ہیں اور ان 51 نئے منصوبوں میں سے 34 منصوبے بلوچستان میں تعمیر ہوں گے۔ بلوچستان کے 34 نئے منصوبوں میں سے 8 منصوبے ٹینڈرنگ پراسسں میں اور باقی منظوری کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال میں 7 منصوبے مکمل ہوجائیں گے جس میں آر بی او ڈی ون اور تھری شامل ہیں۔