پاکستان کی عدالتی تاریخ میں مختصر ترین کارروائی، آصف علی زرداری کو4منٹ میں ضمانت مل گئی

230

اسلام آباد (آن لائن+صباح نیوز) پاکستان کی عدالتی تاریخ میں مختصر ترین کارروائی کا ریکارڈ بن گیا۔ سابق صدرمملکت آصف علی زرداری کو صرف 4منٹ میں ضمانت مل گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے میڈیکل رپورٹ پر 2سے 3منٹ لگائے، جس کے بعد عدالت نے آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پردرخواست ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرلی۔یوں پاکستان کی عدالتی تاریخ میں مختصر مدت میں فیصلہ سنانے کا ریکارڈ بن گیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے زرداری کی بہن فریال تالپور کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 17دسمبر تک ملتوی کر دی۔ادھر اسپتال انتظامیہ کے مطابق آصف زرداری کی طبیعت بدستور ناساز ہے، دل کی تکلیف کے باعث انہیں بولنے اورچلنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔علاوہ ازیں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے مطابق سابق صدر مملکت کی رہائی کے لیے قانونی تقاضے پورے نہ ہو سکے لہٰذا ان کی رہائی آج جمعرات کوہونے کا امکان ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ضمانت کی خوشی میں پارلیمنٹ ہائوس میں مٹھائی تقسیم کی ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم ایچ مانڈوی والا، سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنمائوں کی طرف سے پارلیمنٹ ہائوس کے ملازمین میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ آصف زرداری کی صاحبزادیوں بختاور زرداری اور آصفہ زرداری نے اپنے والد کی ضمانت پر ر ہائی پر عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بہت پریشان تھے کہ حکومت ان کے والد تک ذاتی معالج کی رسائی دینے سے انکار کر رہی تھی جبکہ سرکاری ڈاکٹر واضح طور پر ان کی زندگی خطرے میں ہونے کی بات کر رہے تھے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج انہیں عدالت سے انصاف ملا ہے اور ان کے والد کو طبی بنیادوں پر ضمانت مل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نیب نے گٹھ جوڑ کرکے آصف زرداری کی زندگی کو دائو پرلگانے کی کوشش کی تھی،فریال تالپور کے معاملے میں بھی نیب آج مطلوبہ کاغذات لے کر نہیں آیا اور اب ہمیں 16 دسمبر تک انتظار کرنا پڑے گا۔ نیب اور یہ حکومت سمجھتے ہیں کہ ہم پر دبائو ڈال سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔ سابق چیرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی ضمانت ہائی کورٹ کا فیصلہ خو ش آئند ہے ۔