سری لنکن کرکٹ ٹیم کیلئے فول پروف سیکورٹی نتظامات کو یقینی بنایا جائیگا،آئی جی اسلام آباد

199
راولپنڈی: سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے سلسلے میں سیکورٹی اہلکار پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر ڈیوٹی انجام دے رہا ہے

اسلام آباد (جسارت نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار نے پیر کو سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے تناظر میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے دارالحکومت کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (سکیورٹی) وقار احمد چوہان، ڈی آئی جی (آپریشنز) وقار الدین سید اور دیگر پولیس افسران بھی آئی جی اسلام اباد کے ہمراہ تھے۔ اس دوران آئی جی اسلام آباد کو سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ کے حوالے سے سکیورٹی کے مجموعی انتظامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ پولیس چیف نے دونوں ڈی آئی جیز کو سری لنکن کرکٹ ٹیم کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی ہوٹل سے اسٹیڈیم اور دیگر نقل و حرکت کے دوران پولیس کمانڈوز مہمان ٹیم کے ساتھ سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کے قیام کی جگہ پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہے۔ آئی جی نے مجموعی طور پر موئثر سیکیورٹی کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو چوکس رہ کر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مہمان ٹیم کے قیام کی جگہ پر اسپیشل برانچ کے پولیس اہلکار واک تھرو گیٹس کے ذریعے چیکنگ کے بعد متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے متعدد شاہراوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ایک متبادل منصوبہ جاری کیا ہے جبکہ ٹریفک کی صورتحال سے متعلق آئی ٹی پی کے ایف ایم ریڈیو 92.4 اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو آگاہی فراہم کی جا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اس دورے کے دوران وفاقی پولیس قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی برقرار رکھے گی۔