ایشیائی بینک نے گردشی قرضوں میں کمی کی تصدیق کردی، عمر ایوب

89

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے حکومتی دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ گردشی قرضوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں گردشی قرضہ77ارب روپے تھا، یہ اعداد و شمار بجٹ میں سبسڈی کی ادائیگی سے پہلے کے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 39ارب روپے بجٹ کے ذ ریعے ادا کر دیے گئے، البتہ 38ارب روپے کے مجموعی گردشی قرضے تاحال باقی ہیں جس کی ادائیگی ماہانہ بنیادوں پر 12 ارب روپے بنتی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اعتراف کیاگردشی قرضے میں نمایاں کمی آئی، قرضوں میں کمی حکومتی دعوے کی تصدیق ہے۔ اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام، ریکوری سے 112 ارب روپے بچت کی کامیابی کا سہرا بھی توانائی ٹیم کاہے، ندیم بابراورسیکرٹری پاورعرفان علی کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں، 2020ء تک مجموعی گردشی قرضے ختم ہو جائیں گے۔