کراچی: 10 ویں عالمی مشق ’’بارا کوڈا‘‘ کا آغاز، 11 ممالک شریک

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دسویں بین الاقوامی مشق ’’بارا کوڈا‘‘ کا باقاعدہ آغاز پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب سے ہوگیا، تقریب میں 11 دوست ممالک کے 24 مبصرین، پاکستان بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں مشق ’’بارا کوڈا‘‘ کی افتتاحی بریفنگ منعقد ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی بریف میں مشق کے
مقاصد اور مندرجات پر روشنی ڈالی گئی، بین الاقوامی مشق ’’بارا کوڈا‘‘ کا مقصد سمندر میں تیل بہہ جانے کی صورت میں سمندر کو اس سے پاک کرنے اور سمندری آلودگی کو ختم کرنے کی ملکی استعداد کار کو بڑھانا ہے۔ بریف کے دوسرے حصے میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشنو گرافی اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ریسرچ اسکالرز نے ماحولیاتی تحفظ اور سمندر میں سرچ اور ریسکیو آپریشن سے متعلق اپنے تحقیقی پیپرز پیش کیے۔ ریئر ایڈمرل ذکاء الرحمان نے سمندر کو آلودگی سے پاک کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور بالخصوص سمندری آلودگی کے خلاف برسر پیکار پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ مشق میں 11 ممالک سے تعلق رکھنے والے 24 مبصرین اور ملکی اداروں بشمول پاکستان بحریہ، پاکستان فضائیہ، میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، پورٹ قاسم اتھارٹی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام نے حصہ لیا۔ بین الاقوامی مشق بارا کوڈا میں شامل 11 ممالک بحرین، چائنہ، انڈونیشیا، جاپان، کینیا، مالدیپ، عمان، قطر، سعودی عرب، سری لنکا اور ترکی ہیں۔ مشق کراچی اور سمندر میں 2 دسمبر سے 4 دسمبر تک جاری رہے گی۔