لیاقت علی ساہی کی پی ایف یو جے کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد

85

کراچی(نمائندہ جسارت) مزدور رہنما لیاقت علی ساہی نے پی ایف یو جے کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سطح پر پی ایف یو جے کا نہ صرف میڈیا کی صنعت کے محنت کشوں بلکہ ملک بھر کے محنت کشوں کو دستور کی روشنی میں بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس وقت ریاست مکمل طور پر طاقتور طبقے کے ہاتھوں یرغمال ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ریاستی ادارے اپنا آئینی کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ریاست کے ادارے تباہی کی طرف جارہے ہیں بلکہ گراس روٹ پر محروم طبقوں کا بد ترین استحصال کیا جا رہا ہے۔ میڈیا کی صنعت میں محنت کشوں کو انجمن سازی سے طاقت کے بل بوتے پر محروم کیا جا رہا ہے ، زبردستی ملازمتوں سے برطرف کیا جا رہا ہے اور کئی کئی ماہ کی تنخواہوں سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کم سے کم ویجز بھی ادا نہیں کیے جارہے، ان مسائل کے حل کیلیے ترجیحات کی بنیاد پر اپنا لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا اور ملک بھر کی ٹریڈ یونین کی قیادت کے ساتھ تمام طبقوں کو جوڑ کر ملکی سطح پر جدوجہد کرنی ہوگی ،ہم امید کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں پی ایف یوجے کی قیادت اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔
مزدور رہنما