قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کل سے شروع ہوگا

131

لاہور(جسارت نیوز)قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل سندھ اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان رانا نوید کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلا جائے گا۔ ہفتے کے روز شروع ہونے والا مقابلہ 4روز پر مشتمل ہوگا۔ 9نومبر سے شروع ہونے والا میچ 12 نومبر تک جاری رہے گا۔دونوں ٹیمیں اس سے قبل راؤنڈ رابن میچ میں اسٹیٹ بنک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں مدمقابل آچکی ہیں۔ 15سے 17 اکتوبر تک جاری رہنے والے میچ میں ناردرن نے ایک اننگز اور 5 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ناردرن کے مبصر خان نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔میچ میں سندھ کے فاسٹ باؤلر محمد مکی کے ایک اننگز میں73 رنز کے عوض 5 شکاررائیگاں گئے تھے۔ایونٹ کے راؤنڈ میچز میں 2،2 فتوحات حاصل کرنے والی ناردرن اور سندھ کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ راؤنڈ مقابلوں میں ناردرن نے اپنے دیگر تینوں میچز ڈرا کیے جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنے والی سندھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے 2 میچز بے نتیجہ ختم ہوئے۔3 میچوں میں 40.60کی اوسط سے 203 رنز اسکور کرنے والے جہانزیب سلطان سندھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز 3 میچوں میں ایک سنچری بھی اسکور کرچکے ہیں جبکہ 5میچوں میں 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 205 رنز ا سکور کرنے والے 18 سالہ ضیاد خان فائنل میں ناردرن انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔اس سے قبل 6 نومبر کو سندھ کی ٹیم اسی گراؤنڈ پر قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی جیت چکی ہے۔ ایونٹ کے فائنل میں سندھ نے بلوچستان کو 123رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔ قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل 9نومبر کو شرو ع ہوگا۔سندھ کی بیٹنگ لائن اپ کا دارومدارنوجوان بلے باز محمد طحہٰ خان پر ہوگا۔5 میچوں میں43.38 کی اوسط سے347 رنز اسکور کرنے والے محمد طحہٰ خان بلوچستان کے خلاف راؤنڈ میچ میں سنچری بناچکے ہیں۔ نیا ناظم آباد کرکٹ گراؤنڈ کراچی میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 29 سے 31 اکتوبر تک جاری رہا۔باؤلنگ کے شعبے میں سندھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا مؤثر ہتھیار اسپنر آرش علی خان ہوں گے۔وہ 5 میچوں میں 15.78 کی اوسط سے 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر کی ایونٹ میں بہترین باؤلنگ ایک اننگز میں 87 رنز دے کر 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانا ہے۔ انہوں نے اس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ خیبرپختونخوا کے خلاف میچ میں کیا جہاں سندھ کو 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔تاحال ایونٹ کے دوسرے بہترین باؤلر آرش علی خان نیمیچ میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب 5 میچوں میں 48.43کی اوسط سے 339 رنز بنانے والے عبدالفصیح ناردرن کی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔وہ 8 اننگز میں 1 سنچری اور 2 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔5 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر مہران ممتاز بھی ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ 17 سالہ اسپنرایونٹ کے دوران دو مرتبہ میچ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنیوالا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔سندھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان جہانزیب سلطان کا کہنا ہے کہ فائنل کا کوئی دباؤ نہیں، ٹرافی کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ راؤنڈ میچ میں ناردرن کے خلاف جو خامیاں کیں اس پر قابو پالیا ہے، امید ہے ایونٹ کے فائنل میں تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی کامظاہرہ کریں گے۔ناردرن انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان ضیاد خان نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پوزیشن کے باعث اسکواڈ میں موجود تمام کھلاڑی پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راؤنڈ میچ میں سندھ کی ٹیم کو شکست دینے پر ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہواتاہم فائنل کے لیے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ضیاد خان نے کہا کہ قومی انڈر 19 ایک روزہ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کے خلاف فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔