فضل الرحمن کے خلاف میرے پاس بہت سے ثبوت ہیں، فیاض الحسن چوہان

89

اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میرے پاس مولانا فضل الرحمن سے متعلق بہت سے حقائق موجود ہیں، اگر وہ حقائق سامنے آگئے تو عوام اور میڈیا اپنے کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، مولانا حکومت توڑ کر نئے انتخابات کے مطالبات سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فیس سیونگ چاہتے ہیں، مذاکرات 100 فیصد کامیاب ہوں گے، کیونکہ مولانا استعفے سے وظیفے پر آ چکے ہیں، وہ کسی بھی شکل میں وظیفہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دھاندلی کا گلہ شکوہ کرتے ہیں اور اچکزئی صاحب ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، بلوچستان کے انتخابات میں اچکزئی صاحب مولانا کے امیدواروں سے ہارے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ 2014ء میں ہمارے خلاف دھرنے سے پہلے پکڑ دھکڑ کی گئی تھی جبکہ عمران خان نے مظاہرین کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا، وزیراعظم کی ہدایات پر مظاہرین کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔