چین نے آزاد تجارتی معاہدے کو قبل ازوقت فعال کرنے کی منظوری دیدی

119

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، صنعت و پیداوار اور ٹیکسٹائل انڈسٹری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) پر عملدرآمد یکم دسمبر سے ہو گاجس سے پاکستان کی چین کے لیے برآمدات میں اضافہ ہو گا‘ چین نے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کو قبل از وقت فعال کرنے کی منظوری دے دی ہے‘چین کو ڈیوٹی فری مصنوعات برآمد کی جا سکیں گی‘ مختلف عالمی کمپنیوں کو قائل کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں دوبارہ آ کر کاروبار کریں۔ جمعے کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق دائود نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر اپریل میں دستخط ہوئے تھے اور آزاد تجارت کے معاہدے کو فعال ہونے کے لیے ایک سال کا وقت درکار ہوتا ہے تاہم چین نے آزادانہ تجارت کے معاہدے کو قبل از وقت فعال کرنے کی منظوری دے دی ہے‘ آزادانہ تجارت کا معاہدہ یکم دسمبر سے فعال ہو جائے گا‘ پیر سے لاہور میں عالمی نمائش شروع ہو رہی ہے جس میں چین کی 36 کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ تجارت کے معاہدے سے پاکستان کے کاروباری افراد کے لیے دروازہ کھل گیا ہے اور چین کو ٹیکسٹائل، چمڑے، آلات جراحی، کیمیکلز، ادویات سمیت تمام مصنوعات برآمد کی جا سکتی ہیں‘ اب کاروباری افراد کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی میں ہونے والی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے ایک موقع ہے جس سے پاکستانی مصنوعات کی نہ صرف نمائش کرنے کا موقع ملے گا بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ کے امکانات روشن ہیں۔