پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ررینکنگ خطرے میں

326
سڈ نی: ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں کو لیکچر دے رہے ہیں
سڈ نی: ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں کو لیکچر دے رہے ہیں

پرتھ(جسارت نیوز)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی آج پرتھ میں کھیلا جائے گا،گرین شرٹس کو تیسرے ٹی20میں سیریز اور نمبر ون رینکنگ بچانے کا چیلنج درپیش ہو گا۔قومی ٹیم میں 3تبدیلیوں کا امکان ہے، آئوٹ اف فارم فخرزمان اور محمد آصف کی جگہ امام الحق اور خوشدل شاہ جبکہ محمد عرفان کی جگہ محمد حسنین کو موقع دیا جانے کا امکان ہے۔آخری میچ سے قبل قومی ٹیم نے پرتھ میں پریکٹس سیشن کیا ،جس میں بیٹنگ ،بولنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی مشقیں کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج پرتھ میں کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے، اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تاہم دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ آسٹریلیا کی کپتانی کے فرائض ایرون فنچ انجام دیں گے۔ کینگروز ٹیم مسلسل تیسری ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے لیے پراعتماد ہے۔بابراعظم الیون کو سیریز برابر کرنے کے لیے لازمی کامیابی کی ضرورت ہے۔ جس کے لیے ٹیم انتظامیہ نے سرجوڑ لیے ہیں۔ گرین شرٹس ٹیم میں بلاآخر تین تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ آئوٹ آف فارم اوپنر فخرزمان، غیر ذمہ دار آصف علی اور لائن لینتھ سے عاری محمد عرفان کو ڈراپ کیا جا رہا ہے۔ پاور ہٹر خوشدل شاہ کو پاکستان کی کیپ دی جا رہی ہے۔ امام الحق کی واپسی ہو گی۔ فاسٹ بولر محمد موسی ڈیبیو کریں گے یا محمد حسنین کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔ آسٹریلیا روٹیشن پالیسی کے تحت پیٹ کمنز کو آرام کرائے گا۔قومی کرکٹ ٹیم تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے کینبرا سے پرتھ پہنچ چکی ہے۔ایک دن آرام کے بعد قومی ٹیم نے جمعرات کو ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلوں کا امکان ہے اور قومی کرکٹر خوشدل شاہ اور امام الحق کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریزبھی کھیلی جائے گی۔پہلا ٹیسٹ 21 نومبر کو برسبین میں شروع ہو گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 29نومبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہو گااور ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم 2 وارم اپ میچز کھیلے گی۔