عمران خان کے دل میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں، بلاول

228

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا کسی کو چھوڑوں گا نہیں، کے بیان کا مطلب آصف زرداری اور میاں نوازشریف کی زندگیوں سے کھیلنا تھا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کل رات نواز شریف کی صحت سے متعلق تشویش ناک خبریں آئیں، 13 دن سےسابق وزیراعظم  نواز شریف نیب کی تحویل میں تھے اور انکی صحت بھی اسی دوران خراب ہوئی، نیب کی تحویل میں نواز شریف کی صحت اس نہج تک کیسے پہنچی؟

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان پہلے انسان،پھر حکمران اور بعد میں وزیر اعظم بنیں، سیاسی مخالفین کے خلاف تشدد کا حربہ استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہیں ،سلیکٹڈ حکومت امیروں کے بارے میں سوچتی ہےاور پیپلز پارٹی غریبوں کا خیال رکھتی ہے۔

انہوں نے چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم  نے دیکھا کہ کیسے چیئرمین نیب کو چلایا جا رہاہے ، سب نے دیکھا ایک ویڈیو آنے کے بعد چیئرمین نیب کو کیسے کھلونے کی طرح چلایا گیاہے ،نیب اپنی تحویل میں قید لوگوں کی جان کےساتھ کھیل رہا ہے،سابق صدر آصف زرداری اورسابق وزیر اعظم نواز شریف کو کچھ ہوا تو چیئرمین نیب بری الذمہ نہیں ہونگے، چیئرمین نیب کیساتھ حکومت بھی جوابدہ ہے اور حکومت کیخلاف ایف آئی آردرج ہوگی،میاں نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

سندھ حکومت کے خلاف سازشیں چلتی رہتی ہیں، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی کردار کشی کی جاتی رہی ہے مگر سندھ حکومت سازش اوردباؤ کے باوجود خاموشی سے عوام کیلیے کام کرتی رہی ہے،لاڑکانہ پی ایس11 میں الیکشن نہیں سلیکشن تھا،پی ایس 11 میں پیپلز پارٹی کو نہیں جمہوریت کو شکست ہوئی،انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبہ وزیر اعظم کا اپنا پروجیکٹ نہیں پیپلز پارٹی  کا پروجیکٹ ہے، ہمیں کریڈٹ دیں یا نہ دیں،ہم کام کرتے ہیں،وزیراعظم بھی تھرکول منصوبے کا ذکر کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہاں جہاں مولانا فضل الرحمان صاحب کہیں گے،ہم ان کا استقبال کرینگے، یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔