جہاد کشمیر مارچ جہاد کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا، محمدحسین محنتی

682
حیدرآباد:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سول اسپتال ، الخدمت کے واٹرفلٹریشن سمیت دیگر منصوبوںکا دورہ کررہے ہیں،حافظ طاہر مجید، مجاہد چنا ودیگر بھی موجود ہیں
حیدرآباد:امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سول اسپتال ، الخدمت کے واٹرفلٹریشن سمیت دیگر منصوبوںکا دورہ کررہے ہیں،حافظ طاہر مجید، مجاہد چنا ودیگر بھی موجود ہیں

جیکب آباد(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت مومن کی معراج ہے ، کشمیر کا واحد حل بھی جہاد ہے، پاک فوج مظلوم کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے بڑھے ،پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہوگی، 25 اکتوبر کو جیکب آباد میں مرکزی رہنما لیاقت بلوچ کی زیر قیادت جہاد کشمیر مارچ جہاد کی طرف پہلا قدم ثابت ہوگا ،عوام اپنی ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس میں بھرپور شرکت کریں۔ ۔جماعت اسلامی سندھ کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوازوجاگیر میں جلسے سے خطاب، ٹریڈیونین کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔قبل ازیں انہوں نے ڈی سی چوک پر لگائے گئے پبلسٹی کیمپ کا دورہ اور شرکا سے خطاب بھی کیا۔ صوبائی رہنما حافظ نصراللہ عزیز، عبدالحفیظ بجارانی، مجاہد چنا اور حاجی دیدارعلی لاشاری سمیت مقامی رہنما بھی ان کے ساتھ تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہاکہ کشمیر میں بھارت کے 72 سالہ غاصبانہ قبضے، 78 دن کے کرفیو اورظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری نوجوان بچے بوڑھے اور خواتین جذبہ جہاد و شوق شہادت سے بھارتی فوج کو للکارتے ہیں۔5 اگست کے بعد یہ لوگ سخت آزمائش میں ہیں۔ اسکول اسپتال کاروبار بند حتیٰ کہ عید و جمعہ کی نماز پڑھنے کے بنیادی حق و مذہبی فریضے سے محروم کر رکھا گیا ہے جوکہ حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اس نازک گھڑی میں آج اگر ہم نے ان مظلوم کلمہ گو بھائیوں کی مدد نہیں کی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی یہ صورتحال کسی بڑے المیے کو بھی جنم دے سکتی ہے۔اس لیے ان کو ہماری اخلاقی سیاسی سفارتی اور مالی سمیت ہر سطح کی مدد کی ضرورت ہے۔ بھارت کے غاصبانہ قبضے و انسانیت سوز مظالم پر دنیا اندھی گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے۔جماعت اسلامی کا جہاد کشمیر مارچ اتحاد امت کی علامت اور مظلوم کشمیریوں کی ترجمانی کرے گی۔ دریں اثنامحمد حسین محنتی نے ٹریڈ یونین کے مختلف رہنمائوں سے ملاقات کی، جنہوں نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کا بھرپور استقبال ،مارچ میں بھرپور شرکت اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔