شام میں جاری ترک آپریشن رکوانے کیلئے امریکی نائب صدر ترکی روانہ

458

واشنگٹن :امریکا کے انخاء کے بعد شام میں جاری ترک فوجی آپریشن پر بات چیت  کیلئے امریکی نائب صدر مائیک پینس اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو ترکی کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق مائیک پینس جمعرات کو ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کریں گےاور شام کی صورت حال پر بات کریں گے جبکہ وفد میں مائیک پومپیو کے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن بھی شامل ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک صدر سے بات چیت میں امریکی نائب صدر شام میں جنگ بندی اور مذاکرات پر زور دیں گے۔

 مائیک پینس کا کہنا ہے کہ جب تک شام کے معاملے کا حل تلاش نہیں کیا جاتا ٹرمپ اس وعدے پر قائم رہیں گےاور ترکی کے خلاف سخت معاشی پابندیاں برقرار رہیں گی ۔

دوسری جانب رواں ہفتے امریکا کے جانب سے نائب صدر نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ  ترکی کےوزیر دفاع، توانائی اور داخلہ پر پابندیاں عائد کررہے ہیں ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں یہ بات مسلسل کی جارہی ہے کہ امریکا  نےانخلاء کے وقت ترکی کو شام میں داخل ہونے کا کوئی اشارہ دیا تھا۔آج صدر ایردوان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے سختی سے کہا کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کے لیے تیار ہوجائیں۔

واضح رہے کہ ترک صدر نے امریکی دھمکی کے جواب میں کہا ہے کہ “ترکی اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہر حد تک جائے گا “۔