وزیر پر حملے کے بعد انڈونیشیا بھر میں سیکورٹی سخت

96

جکارتا (انٹرنیشنل ڈیسک) انڈونیشین صدر نے ملک بھر میں حکومتی اہل کاروں کی سلامتی کے لیے سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ جمعرات کے روز ایک انتہا پسند نے ملکی سلامتی کے نگران وزیر کو چاقو سے حملہ کرکے زخمی کر دیاتھا،جس کے بعد صدر جوکو ودودو نے تمام حکومتی اہل کاروں کی سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ 72سالہ انڈونیشی وزیر ویرانتو پر چاقو سے وار اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے آبائی علاقے میں ایک تقریب میں شریک تھے۔ انہیں چاقو کے 2گھاؤ آئے، تاہم سرجری کے بعد اب ان کی حالت بہتر ہے۔ پولیس نے انتہا پسند اور اس کی ایک خاتون ساتھی کو حراست میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ انڈونیشیا میں کسی سیاستدان پر حملے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔