دوسرا ٹیسٹ بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنالئے

363
پونا: دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت کے میانک اگر وال سنچری بنانے کے بعد بلا فضا میںلہراتے ہوئے
پونا: دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت کے میانک اگر وال سنچری بنانے کے بعد بلا فضا میںلہراتے ہوئے

پونا (جسارت نیوز) میانک اگروا کی سنچری کی بدولت بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنالئے، میانک اگروال کی عمدہ بلے بازی کا سلسلہ برقرار، وہ 108 اور چیتشوار پوجارا 58 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کپتان ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 68 رنز بنائے، روہت شرما کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد میانک اگروال نے چیتشوار پوجارا کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ پر 138 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنائی، پروٹیز کی طرف سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رابادا نے3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ گزشتہ روز پونے کے مقام پر بھارت اور جنوبی افریقاکی ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ شروع ہوا تو بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی طرف سے میانک اگروال اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، بھارتی آغاز کچھ خاص نہ تھا جب اوپننگ بلے باز روہت شرما 14 رنز بناکر کاجیسو رابادا کی گیند پر کوئنٹن ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے یوں بھارت کو پہلی وکٹ کا نقصان 25 کے مجموعی اسکور پر ہوا۔ اس کے بعد میانک اگروال اور چیتشوار پوجارا نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور کو 163 رنز تک پہنچا دیا، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 138 قیمتی رنز بنائے تاہم اس موقع پر چیتشوار پوجارا کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا اور وہ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 58 رنز بناکر کاجیسو رابادا کی گیند پر فاف ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس دوران میانک اگروال نے اپنی سنچری مکمل کرلی۔ میانک بھارت کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 108 رنز بناکر رابادا کی گیند پر ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنالئے تھے۔ کپتان ویرات کوہلی 63 اور راہانے 18 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ پروٹیز کی طرف سے کاجیسو رابادا نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔