بھارت کوئی بھی جنگی طیارہ لے آئے‘ اپنادفاع کرنا جانتے ہیں،پاکستان

136

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان نے کہا ہے کہ ہے کہ بھارت رافیل سمیت کوئی بھی جنگی طیارہ لے آئے اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں،دنیا 27فروری کے واقعے کی گواہ ہے ۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ واربریفنگ میں کہا کہ بھارت سے ہمیں کسی خیر کی توقع نہیں ،عالمی برادری پرزوردیتے ہیں خطے کوہتھیاروں کی دوڑ میں نہ دھکیلے ۔ان کا کہنا تھاکہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 66 روز ہوچکے ہیں، کشمیریوں کو ادویات، علاج، خوراک اور رابطوں کی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے،لوگ بدستور بھارتی جارحیت کے باعث شدید مسائل کا شکار ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی چینی قیادت سے ملاقاتوں میں ہر شعبے میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا، چینی صدر نے کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کرتے ہوئے اس کو نامکمل ایجنڈا قرار دیا، امریکی سینیٹرز کی آمد اور کشمیر کا دورہ خوش آئند ہے، پاکستان کی سفارتی کوششوں نے بھارت کو عالمی سطح پر تنہاکردیا۔ ترجمان نے کہا کہ کرتارپورراہداری کا افتتاح مقررہ وقت پر ہوگا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ ترکی کی سالمیت کے حوالے سے سنجیدہ تحفظات کی حمایت کرتے ہیں اور ترکی کے شام میں قابل عمل سیاسی حل پیش کرنے کو سراہتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے مزید کہاکہ سارک کانفرنس کے انعقاد میں بھارت کی رکاوٹ ختم ہوگئی ہے اور اس حوالے سے معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں۔