جوہری ہتھیاروں کی تیاری اسلام میں حرام ہے‘ خامنہ ای

105

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران نے کبھی جوہری ہتھیار بنانے یاان کے استعمال کی خواہش نہیں کی۔ ایرانی رہنما کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال اسلام میں منع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس جوہری ٹیکنالوجی تو ہے لیکن اس نے خود کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے ہمیشہ دور ہی رکھا ہے۔ تہران حکومت اپنے خلاف الزامات کو ہمیشہ مسترد کرتی آئی ہے کہ وہ ایٹم بم بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب اسلحہ کی بجائے سیاسی طریقوں سے علاقائی مسائل کو حل کرنا چاہتا ہے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے ثالثی کے لیے عراق اور پاکستان سے درخواست کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم سے محاذ آرائی کے بجائے سیاسی میز پر مذاکرا ت کی راہ پر گامزن ہیں۔ اگر ریاض حکومت راضی ہو جائے تو یہ ممکن ہو سکتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر روحانی نے خلیج بصرہ کے کنارے موجود ممالک کے درمیان مذاکرات کا ماحول تشکیل دینے کے لیے ایک امن منصوبہ پیش کیا تھا، جس کے لیے ایران ہر ضروری تعاون کو تیار ہے۔