جعلی ٹوئٹ پر حکومتی عہدیداران کیخلاف ایف آئی اے کودرخواست

99

اسلام آباد (صباح نیوز) جے یو آئی(ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے آزادی مارچ کے خلاف جعلی خط پوسٹ اور ٹوئٹ کرنے والے حکومتی عہدیداروں کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو بھی کارروائی کے لیے درخواست دے دی۔ درخواست میں ڈیلیٹ کیے جانے والے مواد کو ریکورکر کے تادیبی کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ متعلقہ وفاقی وزیر کے علاوہ کراچی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کی نشاندہی کی گئی ہے کہ ان کی طرف سے آزادی مارچ کو بدنام کرنیکے لیے جعلی خط سوشل میڈیا پوسٹ اور ٹوئٹ کیے گئے ۔ جمعیت علما اسلام ف کی قیادت کارکنوں اور حامیوں کی توہین کی گئی‘ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی دونوں افرادکے سوشل میڈیا اور ٹوئٹر ا کائونٹس پر متعلقہ جعلی خط کی تحقیقات کرتے ہوئے کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جعلی ہدایت نامے کو وفاقی وزیر فواد چودھری اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے ٹوئٹ کیا تھا۔