جرمنی ، پناہ گزین نے گاڑیوں پر ٹک چڑھادیا 8 زخمی

144
لمبرگ (جرمنی): ٹرک گاڑیوں کو کچلتا ہوا فٹ پاتھ پر چڑھ گیا‘ پولیس نے جائے وقوع کو سیل کردیا ہے
لمبرگ (جرمنی): ٹرک گاڑیوں کو کچلتا ہوا فٹ پاتھ پر چڑھ گیا‘ پولیس نے جائے وقوع کو سیل کردیا ہے

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں پناہ کے متلاشی مبینہ شامی تارک وطن نے ایک چوری شدہ ٹرک کئی گاڑیوں پر چڑھا دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام جرمنی کے صوبے ہیسے کے شہر لمبرگ میں پیش آیا اور اس میں کم از کم 8 افراد زخمی ہوئے۔ 27 سالہ شامی شہری ٹرک لے کر لمبرگ کے مرکز میں داخل ہوا اور اس نے 8 کاروں کو روند ڈالا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں ٹرک ڈرائیور بھی شامل ہے۔ پولیس نے منگل کے روز بتایا کہ اس واقعے کی چھان بین جاری ہے۔ ابھی تک اس واقعے کے ممکنہ طور پر کسی دہشت گردانہ پس منظر کا کوئی ثبوت نہیں ملا، تاہم پولیس کے مطابق اس پہلو کو خارج از امکان بھی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مبینہ ملزم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ شامی شہری ہے، جو 2015ء میں پناہ کی تلاش میں جرمنی آیا تھا۔ فرینکفرٹ شہر کے پروسیکیوٹر جنرل آلیکزانڈر بادلے نے کہا کہ اس واقعے کی ابھی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ تفصیلات سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ ذرائع ابلاغ کے کئی اداروں نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ایک دہشت گردانہ کارروائی قرار دینے کی کوشش کی ہے، تاہم اس کی ابھی تک تصدیق نہیں کی جا سکی۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے اس واقعے پر کہا کہ ابھی تفتیش جاری ہے اور میں ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا کہ اس واقعے کا پس منظر کیا ہے۔