پاکستان کی آذر بائیجان کو گوادر بندرگاہ تک رسائی کی پیشکش

161

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان سے آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے منگل کو پیٹرولیم ڈویژن میں ملاقات کی۔ تراب ، کنٹری ہیڈ ، ایس او سی آر بھی ملاقات میں شریک تھے۔وفد نے طویل المدتی بنیاد پر ایل این جی کی فراہمی اور ملک کے ایل این جی انفرااسٹرکچر میں مواقع کی پیش کش کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان برادرملک ہے ،ہم توانائی کے شعبے میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ عمر ایوب خان نے سفیر کے جذبات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے شفاف پالیسی ہے، پاکستان کھلی اور مسابقتی مارکیٹ اور شفافیت پر یقین رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے آذربائیجان کو گوادر بندرگاہ تک رسائی کی پیش کش کی اور تجویز دی کہ گیس کی تقسیم ، ایکسپلوریشن اور قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں ۔ سفیر نے وفاقی وزیر کو تعلقات مضبو ط بنانے کے اعتراف میں سفارتی تمغہ سے نوازے جانے کے بارے میں آگاہ کیا۔