جنوبی پنجاب میں بارش‘ نشیبی علاقے زیرآب‘ آبادی کو انخلا کی ہدایت( کراچی میں مزید بارش کی پیشگوئی)

329

اسلام آباد/ کراچی/ راجن پور (صباح نیوز) جنوبی پنجاب میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، آبادی کو انخلا کی ہدایت، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی ابرکرم برسا، کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد بجلی غائب ہو گئی،مزید بارش کی پیش گوئی، شکارپور، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق راجن پور شہر اور گرد و نواح میں رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری رہی،جبکہ کوہ سلیمان پہاڑی سلسلے پر موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جس کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔کوہ سلیمان پہاڑی سلسلے پر گزشتہ رات موسلا دھار بارش کے سبب نالہ کاہا میں 50ہزار کیوسک کا ریلا آ گیا، جبکہ نالہ چھاچھر سے 10 ہزار کیوسک سیلابی پانی گزرا۔انتظامیہ کی جانب سے برساتی ندی نالوں کے راستوں میں آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے اعلانات کر دیے ہیں۔ لوگ اپنی مدد آپکے تحت نقل مکانی کے ساتھ ساتھ اپنا ضروری سامان سمیٹ رہے ہیں جبکہ اس وقت کپاس کی چنائی بھی جاری ہے۔فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ریلے سے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں، علاقوں میں پانی داخل ہونے اور کسی بھی بڑے نقصان کے پیش نظر انتظامیہ، پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو ٹیموں کو علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے ۔بارش کا سلسلہ جاری رہا تو درجنوں بستیاں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ادھر کراچی میں بارش کی ایک بار پھر انٹری، مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے۔ موسم سہانا ہو گیا لیکن نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ ٹریفک کی روانی متاثرہوئی۔ بارش کی بوندیں برستے ہی شہر میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ کورنگی، ڈیفنس، ملیر، ماڈل کالونی، ائرپورٹ، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں میں کے الیکٹر ک کے ناقص سسٹم کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ علاوہ ازیں شکارپور، لاڑکانہ اور نوابشاہ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی ابرکرم برسا جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، بجلی بھی رات بھر غائب رہی۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے خنکی بڑھ گئی، احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی سردی نے دستک دیدی۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخوا، کشمیر، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے۔