ٹیم میں واپسی پر خوش ہوں ، مستقل جگہ بنانے کیلئے پر عزم ہیں،احمد شہزاد ، عمر اکمل

161

لاہور(جسارت نیوز)احمد شہزاد اور عمر اکمل سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کارکردگی دکھا کر ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں واحد سنچری اسکور کرنے والے احمد شہزاد نے آخری بار 13جون 2018کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔27سالہ اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کم بیک کرنے پر بہت خوش ہوں کیونکہ کم بیک کرنا کبھی آسان نہیں ہوتا، ٹیم میں واپسی کے لیے اعصابی مضبوطی درکار ہوتی ہے،ہر دن ایک نیا دن ہوتا ہے، ٹیم سے دور رہ کر اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع مل،ہوم کرائوڈ کے سامنے کھیلنا پہلی مرتبہ گرین شرٹ زیب تن کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ میں اپنی فٹنس اور فارم کی بدولت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔دوسری جانب مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی بھی3سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ آخری بار27ستمبر2016کو ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے کہا کہ قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کے لیے انہوں نے بہت محنت کی ہے۔عمر اکمل نے کہا کہ مرحوم سسر عبدالقادر کی خواہش تھی کہ جلد قومی کرکٹ ٹیم میں کم بیک کروں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اسے لیجنڈری کرکٹر عبدالقادر اور اپنی والدہ کے نام کریں گے۔